Sunday, 31 December 2017

۔کیا تم بھی میرے ہونا چاہتے ہو.

میں تم سی دکھنے لگی ہوں .. دیکھو مجھ سے خوشبو آنے لگی ہے  تمہا ری  باتوں کی .. تمارے الفاظ مجھ پہ سجنے لگے ہیں. یہ بھی محبت   کا ایک  رنگ ہے  نا ..ہے نا .؟کہ  مجھے دیکھ کر لوگوں کو تمہا ری یاد آنے لگی ہے.. میری ہنسی کو  تمہا ری بانسری  کی آواز سمجھنے لگے ہیں..  کون کس کے رنگ میں ڈھل گیا ہے ،  کیسے معلوم ہو گا؟
کیا تمھیں بھی محسوس ہوتا ہے کہ تمہارے الفاظ میری بے ترتیب  سانسوں میں گھل کر بوجھل سے ہو گئے ہیں ۔ کیا دھنک کے رنگ میری ٓانکھوں میں اترنے کے بعدتمھیں بھی  ٓاسمان پھیکا لگنے لگا ہے؟ بتاو ۔۔کیا میری چال میں مستی ہوا کی شرارت سے بڑھ کر شریر نہیں لگتی تمہیں؟ کبھی میرا مسکرا کر ہونٹ کو دبانا تمہیں بےخود نہیں کرتا ۔ میں جو سر سے پیر تک تم سی دکھنا چاہتی ہوں۔۔ کیا تمھارا ،مجھ سا دکھنے کا جی نہیں چاہتا؟ میں گھنٹوں تمھارے تصور سے باتیں کرتی ہوں ، کیا تم کبھی کسی ٓاہٹ پہ میری آمد کا گمان کرتے ہو ۔۔ میں تو تمھارے لیے بنائی گئی ہوں ۔۔کیا تم بھی میرے ہونا چاہتے ہو ۔۔